قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان اورضلع مہمند میں کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز

پشاور: قبا ئلی اضلاع میں کورونا وائرس کی ویکسین لگانے کے عمل کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جہاں پہلے مرحلے میں کووڈ 19 کے دوران فرائض کی انجام دہی میں مصروف فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو یہ ویکسین لگائی جائے گی۔ اس سلسلے میں قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان اور ضلع مہمند میں تقریبات کا انعقاد ہوا،جنوبی وزیرستان میں ڈپٹی کمشنر خالد اقبال نے کورونا ویکسین لگانے مہم کا افتتاح کیا اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فہید اللہ اور اسسٹنٹ کمشنر اعجاز اختر بھی موجود تھے۔ضلع مہمند میں ڈسٹرکٹ ہیڈاکوارٹر ہسپتال غلنئی میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز ہوا اور متعلقہ مقامات پر ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا گیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد حیات آفریدی نے کہا کہ کورونا کے خلاف کام کرنے والوں میں ہمارے اصل ہیروز فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز ہیں۔